کاروار:26/اپریل(ایس اؤنیوز)سرکاری ملازمت کا وعدہ کرکے خواتین سے وصول کی گئی رقم لوٹانے کی مانگ لےکر بینگا کے سوپنیل پڈنیکر کی قیادت میں 49لوگوں نے وانی پربھو کے خلاف ڈپٹی کمشنر کو میمورنڈم پیش کیا۔
میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ سال 2013میں صحت عامہ کے وزیر کے اسسٹنٹ سے کافی جان پہچان ہونے کی بات کہتے ہوئے ان کی سفارش سے سرکاری ملازمت کا جھانسہ دے کر ہم سے اور ہمارے 49دوستوں سے قسط وار 1.36کروڑ روپئے وانی پربھو نے حاصل کیا ہے، اس کے علاوہ نوکری کے متعلق مارکس کارڈ ، دستاویزات وغیرہ بھی لی ہے۔ اس کے بعد ہم نے جب وانی پربھو کو فون کے ذریعے رابطہ کرتے ہوئے ملازمت کے متعلق پوچھاتو ہمیں بتایا گیا کہ پوسٹ کے ذریعے ملازمت کے تعلق سے خطوط لکھے گئے ہیں بہت جلد کام ہوجائے گا۔اب تب کی حالت میں دن گزرتے رہے جب ہمیں پتہ چلا کہ ہم سے دھوکہ ہواہےتو ہم نے وانی پربھو سے کہاکہ جو کچھ ہم نے رقم دی ہے اس کو واپس لوٹادیں تو وانی پربھو نے دھمکاتے ہوئے کہاکہ تمہیں جو کرنا ہے کرو، میں وہ رقم واپس نہیں لوٹائونگی ، اگر تم نے میرے خلاف پولس تھانے میں شکایت درج کی تو سپاری دے کر قتل کرنے کی دھمکی دی۔ معاملے کو لے کر کاروار پولس تھانے میں شکایت دی گئی لیکن کچھ بھی حاصل نہیں ہوا، اسی لئے ہم چاہتے ہیں کہ دھوکہ دہی کے ذریعے جو رقم ہم نے کھوئی ہے آپ ہماری رقم ہمیں واپس لوٹا کر دیں ۔